ڈی جی انفارمیشن کی تقرری کے خلاف احتجاج ، ضم شدہ اضلاع میں قائم پانچ ریڈیو سٹیشنز کی نشریات معطل

پشاور:ڈائریکٹوریٹ جنرل انفارمیشن خیبرپختونخوا کے ملازمین کا ڈی جی انفارمیشن پوسٹ پر غیر اصولی تقرری کے خلاف رد عمل کا سلسلہ جاری، ضم شدہ اضلاع میں قائم پختونخوا ریڈیو نیٹ ورک کے پانچ ریڈیو سٹیشنز کی نشریات معطل کر دی گئیں.

ڈائریکٹوریٹ جنرل انفارمیشن نے پہلے مرحلے میں پبلک ریلیشنز، پرنٹ میڈیا، الیکٹرانک میڈیا، اشتہارات اور دیگر خدمات کی فراہمی بھی مسلسل معطل کر دی ہیں.

ہڑتالی ملازمین کا موقف ہے کہ امپورٹڈ ڈی جی کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے جبکہ ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن کے سینیئر ترین ڈی جی کی تعیناتی تک احتجاج جاری رہے گا.

احتجاج میں اورکزئی پریس کلب، کوہاٹ پریس کلب اور نوشہرہ پریس کلب کے وفود سمیت دیگر صحافی برادری کے افراد شریک ہوئے.

صحافیوں نے احتجاجی کیمپ سے اپنے خطاب میں کہا کہ انفارمیشن ڈائریکٹوریٹ ملازمین کا احتجاج ہمارا احتجاج ہے، حکومت ہوش کے ناخن لیں، فیصلہ واپس نہ لیا تو احتجاج سڑکوں پر لا رہے ہیں.

نور محمد بنگش صدر کوہاٹ پریس کلب نے کہا کہ صوبائی حکومت غیرقانونی ڈی جی انفارمیشن کی تعیناتی کا فیصلہ فوری طور پر واپس لے.ہم ہڑتالی ملازمین کے شانہ شانہ کھڑے ہیں.

اورکزئی پریس کلب کے ممبر فرحان اورکزئی نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت کا فیصلہ تعصب اور بدنیتی پر مبنی ہے. اورکزئی پریس کلب کے تمام صحافی ہڑتالی ملازمین کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہیں.

ظفر وزیر سینیئر نائب صدر وانا پریس کلب نے احتجاجی کیمپ سے خطاب میں کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن واحد محکمہ ہے جو صحیح معنوں میں پورے صوبے میں خدمات سر انجام دے رہا ہے. ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن کے ملازمین کے حقوق کی حق تلفی ناقابلِ قبول ہے.

انہوں نے کہا کہ وزیرستان کے تمام پریس کلبوں کے صحافی اس احتجاج میں ہڑتالی ملازمین کے ساتھ احتجاج پر ہیں، ہم نے تمام حکومتی سرگرمیوں کا بائیکاٹ کردیا ہے.

دوسری جانب، عالمی متحدہ علماء و مشائخ خیبرپختونخوا نے ڈائریکٹوریٹ جنرل انفارمیشن ملازمین کی حمایت کا اعلان کر دیا.

سربراہ عالمی متحدہ علماء مشائخ خیبرپختونخوا مولانا شعیب صوبائی حکومت کی جانب سے حالیہ تقرری غیر اصولی ہے، واپس لی جائے.  انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی انفارمیشن کی تقرری ڈائریکٹوریٹ جنرل انفارمیشن سے کی جائے جبکہ ڈائریکٹوریٹ ملازمین جب بھی سڑکوں پر آنے کا اشارہ دیں، ہم حاضر ہوں گے.

واضح رہے کہ پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن نے بھی حالیہ ڈی جی انفارمیشن خیبرپختونخوا کی حالیہ تعیناتی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا عندیہ دے دیا.

ایپکا اعلامیہ کے مطابق ایک ہفتے میں ڈی جی انفارمیشن خیبرپختونخوا کی حالیہ تعیناتی واپس نہ لی گئی تو ملک گیر احتجاج شروع کریں گے. ڈی جی انفارمیشن خیبرپختونخوا کی حالیہ تقرری غیر قانونی ہے، نگران حکومت کا ٹیکنیکل پوسٹ پر پی ایم ایس آفیسر کو تعینات کرنا سراسر ظلم ہے.