صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مقررہ وقت پر انتخابات کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔
صدر مملکت کی جانب سے لکھے گئے خط میں وزیراعظم کوکہا گیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے متعلقہ حکام کو پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مقررہ وقت پر عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت کی ہدایت کریں۔
صدر عارف علوی نے خط میں لکھا ہے کہ وزیراعظم توہین عدالت سمیت مزید پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایت کریں۔
وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں صدر مملکت نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت اور انسانی حقوق کی صورتحال اور مستقبل پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں لہذا وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو انسانی حقوق کی پامالی سے باز رہنے کی ہدایت کی جائے۔
صدر پاکستان کا اپنے خط میں کہنا ہے کہ 2021 کے ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں پاکستان 180 ممالک میں سے 145 ویں نمبر پر تھا، اس سال کے اقدامات سے اس انڈیکس میں پاکستان کی درجہ بندی مزید نیچے آئے گی۔
سیکیورٹی خدشات ،گورنر خیبرپختونخوا کا انتخابات 8 اکتوبر کو کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب میں 30 اپریل کو شیڈول انتخابات ملتوی کرتے ہوئے 8 اکتوبر کی تاریخ دے دی ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ دوسری جانب آج گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبائی انتخابات 8 اکتوبر کو کرانے کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط لکھ دیا ہے۔