پشاور کے علاقے بورڈ بازار میں دھماکے کے نتیجے میں 2 افرادجاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق بارودی مواد ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی کے دوران دھماکا ہوگیا، ایک شخص موقع پر جاں بحق جبکہ دوسرا اسپتال میں دم توڑ گیا۔
دھماکے میں زخمی ہونے والا تیسرا شخص خیبرٹیچنگ اسپتال میں زیرعلاج ہے جس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے.
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی کے مطابق بورڈ بازار ناصر باغ روڈ کی مرکزی شاہرہ پر موٹر سائیکل پر بارودی مواد سے دھماکا ہوا.
کاشف آفتاب عباسی نےمیڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بی ڈی یو کی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں 4 سے 5 کلو بارودی مواد استعمال ہوا، سفر کے دوران ہی دھماکا ہوا، دھماکا پلان کے مطابق تھا یا نہیں، یہ قبل از وقت ہوگا۔
کاشف آفتاب عباسی نے کہا کہ دھماکے میں 2 ملزمان ہلاک اور ایک زخمی ہے، دھماکا خودکش تھا یا نہیں ابھی نہیں کہہ سکتے، پولیس مزید تفتیش کررہی ہے، تینوں ملزمان ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے بورڈ بازار دھماکے کی مذمت کی ہے۔