پرویز خٹک کو تحریک انصاف سے نکال دیا گیا

سابق وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک کو شوکاز نوٹس کا جواب نہ دینے پران کی بنیادی رکنیت ختم کرتے ہوئے انھیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے نکال دیا گیاہے۔

سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب نےبدھ کے روز پرویز خٹک کی بنیادی رکنیت ختم کرنےکا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پرویز خٹک پر کارکنوں کو پارٹی چھوڑنے کے لیے اُکسانے کا الزام تھا تاہم انہوں نے مقررہ وقت میں شوکاز نوٹس کا جواب نہیں دیا جس کے بعد ان کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پرویز خٹک نے دو جون کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرکے پی ٹی آئی کی صوبائی صدارت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

یاد رہے کہ پرویز خٹک 2013 کے الیکشن میں نوشہرہ سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر کامیاب ہوکر وزیراعلٰی خیبر پختونخوا منتخب ہوئے تھےجبکہ 2018 کے انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشست پر کامیابی کے بعد وزیراعظم عمران خان نے انہیں وزیر دفاع کا قلم دان سونپا تھا۔