پاکستان ڈیفالٹ ہوچکا، ہم دیوالیہ ملک کے رہنے والے ہیں،وزیردفاع خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان دیوالیہ ہو نہیں رہا بلکہ ہوچکا ہے۔

سیالکوٹ میں نجی کالج کے سالانہ کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ ہو نہیں رہا بلکہ ہو چکا ہے، ہم ایک دیوالیہ ملک کے رہنے والے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہو گا، ملک کے تمام مسائل کا حل ملک کے اندر ہی ہے آئی ایم ایف کے پاس نہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے ذمہ دار اسٹیبلشمنٹ، بیورو کریسی اور سیاست دان سب ہیں، پارلیمنٹ میں مجھے 33 سال ہوگئے ہیں، میں نے 32سال میں ملک کی سیاست کو رسوا ہوتے دیکھا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت کی زمین پر گالف کلب بنے ہوئے ہیں، ان میں سے 2 گالف کلب بیچ دیجئے پاکستان کا ایک چوتھائی قرض اتر جائے گا، ایک گالف کلب 1500 کینال پر ہے اور کرایہ 5 ہزار روپے ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ڈیڑھ سال قبل دہشتگردوں کو اپنی سر زمین پرلاکربسایا گیا، کس نے ایسے کھیل کھیلے کہ دہشتگردی ہمارا مقدر بن گئی، کل ساری رات سکیورٹی کے لوگ مقابلہ کرتے رہے۔