شمالی وزیرستان میں اتمانزئی جرگہ کا مطالبات کے حصول کیلئے پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان

شمالی وزیرستان میں اتمانزئی جرگہ نے مطالبات کے حصول کیلئے پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والے پر 5 لاکھ جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے.

جرگہ شرکا نے تحصیل میرعلی کے علاقے کجوری کے مقام پر میرانشاہ بنوں روڈ کو ہر قسم کے ٹریفک کےلئے بند کرتے ہوئے 30 نومبر تک مطالبات پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں پورے ضلع کی سڑکیں بند کرنے کا بھی اعلان کیا ہے ۔

ترجمان اتمانزئی جرگہ مفتی بیت اللہ نے میرعلی میں جرگے کے شرکاء سے خطاب میں اعلان کیا کہ وہ شمالی وزیرستان میں پولیو کے قطرے پلانے پر پابندی عائد کر رہے ہیں اور ان کے مطالبات پورے نہ ہونے کی وجہ سے بنوں اور میرانشاہ کے درمیان کجوری پر سڑک بند کر رہے ہیں۔

مولانا بیت اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے ان سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے اسی لیے وہ دوبارہ احتجاج پر مجبور ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی اپنے بچے کو پولیو کے قطرے پلائے گا تو اسے پانچ لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے گا۔ ان کے مطابق اگر 30 نومبر تک ان کے مطالبات نہ مانے گئے تو وہ تمام سڑکیں بند کر دیں گے۔

جرگہ کے تازہ احتجاج کے بارے میں شمالی وزیرستان کے ڈپٹی کمشنر منظور آفریدی نےغیرملکی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ حکومت نے مشران سے جو وعدے کئے تھے وہ پورے ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نوراک دینی مدرسے کو سیکیورٹی فورسز سے خالی کرنے کی درخواست کی گئی تھی، اسے عوام کے لیے مذہبی تعلیم کے لیے کھول دیا گیا ہے۔”

منظور آفریدی کے مطابق متاثرین کی ماہانہ امداد جو تاخیر کا شکار تھی ان کی ایک قسط جاری کی گئی ہے اور اگلی قسط جلد جاری کر دی جائے گی,امن امان کے حوالے سے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

اس سے قبل 6 نومبر کو اتمانزئی جرگہ کے رہنماؤں نے کہا تھا کہ حکومت نے چار ماہ سے جاری دھرنے کے تمام مطالبات تسلیم کرلئے ہیں۔

جرگہ کےرہنما ملک ربنواز وزیر نے صحافیوں کو بتایا کہ “ہمارے تمام مسائل آج حل ہو گئے ہیں اور ہم نے انہیں کاغذ پر لکھ دیا ہے۔