خیبر پختونخوا میں نگران حکومت نے صوبے بھر میں ڈیپوٹیشن پر تعینات ملازمین کے اضافی الاؤنسز بند کرنے اورغلط طریقے سے الاؤنسز وصول کرنیوالے ملازمین سےریکوری کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔
محکمہ خزانہ نے صوبے کے تمام محکموں کے سیکریٹریز کو خط لکھا ہے کہ صوبے بھر میںڈیپوٹیشن پر تعینات ملازمین کے اضافی الاؤنسز بند کردیئے جائیں اورغلط طریقے سے الاؤنسز وصول کرنیوالے ملازمین سےریکوری کی جائے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ سرکاری محکموں میں ملازمین کو دہرے الاؤنسز کی ادائیگی نہ کی جائے،سول سیکرٹریٹ میں ڈیپوٹیشن پرتعینات ملازمین کارکردگی الاؤنس یا پھرڈیپوٹیشن وصول کریں۔
صوبائی محکمہ خزانہ نے ایم ایس ڈگری رکھنے والوں کو ایم فل الاﺅنس کی ادائیگی کا بھی نوٹس لیتے ہوئے اسے روکنے کا حکم دیا اور کہا ہے کہ ایم فل الاﺅنس صرف ایم فل کی ڈگری رکھنے والوں کو ادا کیاجائے، ایم ایس یا کسی دوسری ڈگری پر نہیں دیا جاسکتا۔