سکیورٹی فورسز نے ضلع کُرم سے عسکریت پسندوں کے خاتمے کے لیے آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔
کوہاٹ کے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) عباس مروت کے مطابق آپریشن لوئر کُرم کے علاقے بگن میں شروع کیا گیا ہے۔
عرب خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئےعباس مروت کا کہنا تھا کہ فوج اس آپریشن کی قیادت کرے گی جبکہ پولیس، ایلیٹ فورس اور دیگر سکیورٹی فورسز کے ذریعے مدد فراہم کرے گی۔
عباس مروت کا کہنا تھا کہ آپریشن مخصوص علاقوں میں کیا جا رہا ہے جہاں عسکریت پسند امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے لیے ٹھکانوں کا استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’اس آپریشن میں خاص طور پر بگن اور اس کے ملحقہ علاقوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
دو روز قبل ڈپٹی کمشنر نے لوئر کرم کےمختلف علاقوں میں ممکنہ اپریشن کے پیش نظر متاثرین کیلئے کیمپس قائم کرنے کیلئے محکمہ ریلیف کو خط لکھ دیاتھا.
ڈپٹی کمشنر کی جانب سے محکمہ ریلیف کو لکھے گئے خط کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے لوئر کرم کے مختلف علاقوں بگن، مندوری، چھپری اور چھپری پڑاؤ میں آپریشن کی منصوبہ بندی کررہے ہیں.
واضح رہے کہ16 جنوری کو کرم کے علاقے بگن میں نامعلوم مسلح افراد نے پارا چنار جانے والے گاڑیوں کے قافلے پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی اہلکار اور 2 ڈرائیورز موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ5 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے تھے ۔