شمالی وزیرستان،سپین وام میں‌ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں‌ڈاکٹر جاں‌بحق

خیبرپختونخوا کےضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل سپین وام میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں ڈاکٹر جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ گذشتہ روز گاؤں شمیری میں پیش آیا ،علاقے کے معروف ڈاکٹر میرنواب اپنے گھر کے باہر موجود تھے کہ ان پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کی۔

فائرنگ کے نتیجے میں ڈاکٹر میرنواب شدید زخمی ہوگئے جنھیں فوری طور پر میرعلی منتقل کردیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے تاہم ابھی تک حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات روزانہ کی بنیاد پر سامنے آرہے ہیں۔3 مئی کو شمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں پولیس اہلکار جبکہ 26 مئی کو میرعلی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مسیحی شخص سمیت دو ا فراد جاں بحق ہوگئے تھے ۔