شمالی وزیرستان،دتہ خیل میں 12 سالہ بچہ لینڈ مائن دھماکے میں جاں بحق

خانزیب محسود
شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں لینڈ مائن کے دھماکے میں 12 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ تحصیل دتہ خیل کے علاقے چنار رغزئی میں ہوا، 12 سالہ اسلام اللہ اسی علاقے میں بکریاں چرا رہا تھا کہ اچانک لینڈ مائن سے پاؤں ٹکرا گیا۔

قبائلی اضلاع سے لینڈ مائنز کی صفائی کیلئے سرگرم پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما عالمزیب محسود بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج صبح 8 بجے شمالی وزیرستان کی تحصیل دتا خیل کے علاقے خدرخیل میں ایک بچہ اسلام اللہ ولد نیاز بات اللہ بارودی مواد کے پٹھنے سے موقع پر شہید ہو گیا۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ علاقے کو بارودی سرنگوں و دیگر مواد سے صاف کرنے کے لئے کئی جہتوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے ہم نے انتظامیہ کو لکھا ہے اور جس پر کچھ پیش رفت بھی ہوئی ہے۔

جنوبی اور شمالی وزیرستان میں لینڈ مائنز کے واقعات رونما ہوتے رہتےہیں،اب تک درجنوں رہائشی ان باردوی سرنگوں کا نشانہ بن کر معزور یا جاں بحق ہوچکے ہیں۔

اس سے قبل رواں ماہ کی 6 تاریخ کو جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل شوا ل کے علاقے توندہ درہ میں لینڈ مائن کے دھماکے میں ایک چرواہےکی دو کمسن جاں بحق بیٹیاں ہوگئی تھی۔