گلگت بلتستان کے شہر چلاس میں مسلح افراد کی مسافر بس پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق دیامر کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر چلاس شہر کے تھانہ کے۔کے ایچ کی حدود شاہراہ قراقرم ہوڈر کے مقام پر ضلع غذر سے راولپنڈی جانے والی بس پر نامعلوم افراد کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔
بس میں بچوں اور خواتین سمیت مختلف علاقوں کے مسافر سوار تھے۔
ڈپٹی کمشنر دیامر کیپٹن (ر) عارف احمد خان نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ چلاس میں شاہراہ قراقرم ہوڈر کے مقام پر شام ساڑھے چھ بجے کے قریب مسافر بس پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی، فائرنگ کے باعث بس ٹرک سے ٹکراگئی جس سے بس میں آگ بھڑک اٹھی۔
عارف خان کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں 9 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہوئے ہیں جن کا تعلق کوہستان، پشاور، غذر، چلاس، اسکردو اور سندھ سے ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 نے جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں اور لاشوں کو قریبی آر ایچ کیو اسپتال منتقل کیا۔
ڈائریکٹر ہیلتھ چلاس شکیل خان نے بتایا کہ فوری طور پر لاشوں اور زخمیوں کو چلاس لایا گیا، حادثے میں 27 افراد زخمی ہوئے ہیں، لاشوں کو سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے۔