اسلام آباد: نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کی مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی نے بدامنی اور دہشت گردی کے خلاف عوامی مظاہروں کی حمایت اورافغانستان میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد نیشنل پر یس کلب میں نیشنل ڈیموکرٹیک کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین ایم این اے محسن داوڑ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں تنظیمی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
مرکزی جنرل سیکرٹری مزمل شاہ نے کمیٹی کو جنوبی پختونخوا میں سانحہ ہرنائی کے حوالے سے جاری احتجاجی مظاہروں اور جلسوں کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ مرکزی کمیٹی نے بلوچستان اور سندھ کی صوبائی آرگنائزنگ کمیٹیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا اور موجودہ حالات میں این ڈی ایم کی حکمتِ عملی پر مشاورت ہوئی۔
مرکزی کمیٹی نے پختونخوا میں سوات، دیر، کرم اور دیگر اضلاع میں بدامنی اور دہشت گردی کے خلاف عوامی مظاہروں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی ایم بدامنی اور دہشت گردی کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھاتی رہے گی۔
مرکزی کمیٹی نے سیلاب متاثرین کے لیے این ڈی ایم کی جانب سے امدادی کارروائیوں اور ریلیف کے کاموں کا جائزہ لیا۔ کمیٹی نے پارٹی کے تمام ساتھیوں کو سراہا جنہوں نے مشکل حالات میں سیلاب متاثرین کیلئے امدادی کارروائیوں کو منظم کرنے میں کردار ادا کیا اور ریلیف کے کاموں میں حصہ لیا۔
اجلاس میں افغانستان کے موجودہ حالات پر گفتگو ہوئی اورکمیٹی اراکین نے افغانستان میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔