وزارت داخلہ نے محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں امن و امان اور سیکیورٹی کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے فوج تعینات کرنے کی منظوری دیدی۔
پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، اسلام آباد کے محکمہ داخلہ کے ساتھ ساتھ جیل خانہ جات نے وزارت داخلہ کو خط لکھ کر ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کی سفارش کی تھی۔
وزارت داخلہ نے آئین پاکستان کے آرٹیکل 245 کا استعمال کرتے ہوئے گلگت بلتستان اور اسلام آباد کی حدود سمیت تمام صوبوں میں انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت ملک بھر میں فوج، فوجی تنصیبات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔
وزارت داخلہ نے تمام صوبوں سمیت آزاد کشمیر حکومت کو بھی مراسلہ بھجوا دیا تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ کتنی تعداد مسلح افواج کے دستے تعینات کیے جائیں گے۔
ادھر دوسری جانب حکومت سندھ نے عاشورہ کے پیش نظر صوبے میں 9 اور 10 محرم الحرام ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے۔
سیکریٹری داخلہ اعجاز علی شاہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے یکم محرم الحرام سے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز صوبہ پنجاب میں بھی ماہ محرم کے دوران امن و امان کی صورتحال کو درپیش خطرات کے پیش نظر 10 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی تھی۔