شمالی وزیرستان،میرعلی میں شدت پسندوں نے 2 گرلز سکول تباہ کردیئے

میرانشاہ:شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں شدت پسندوں نے ایک ہی رات میں دو گرلز مڈل سکول بارودی مواد سے دھماکہ کرکے تباہ کردیئے۔

پولیس اور مقامی زرائع کے مطابق اتوار کی رات گورنمنٹ مڈل سکول نور جنت گل کوٹ موسکی اور گورنمنٹ مڈل سکول یونس کوٹ حسوخیل کو شدت پسندوں نے باوردی مواد سے تباہ کردیا ہے۔

پولیس کے مطابق دونوں واقعات میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ۔

محکمہ تعلیم شمالی وزیرستان کے مطابق مذکورہ سکولوں میں پانچ سو کے قریب طالبات تعلیم حاصل کر رہی تھی۔

پاکستان پیپلز پارٹی شمالی وزیرستان کے سیکرٹری اطلاعات شفقت داوڑ نے بتایا کہ شمالی وزیرستان کے علاقہ میرعلی میں دونوں سکولز فعال تھے اور ان میں لڑکیاں اچھی تعلیم حاصل کر رہی تھیں اور مذکورہ اقدام انہیں تعلیم سے دور رکھنے کی ایک گھناؤنی سازش ہے ۔

ڈی پی او شمالی وزیرستان سلیم ریاض نے اس حوالے سے بتایا کہ یہ خالص دہشت گردی کا کیس ہے جس کو سی ٹی ڈی والے ہینڈل کرینگے اور مجرموں کو کسی طور نہیں چھوڑا جائے گا ۔

یاد رہے کہ شمالی وزیرستان میں گزشتہ دو دہائیوں سے جاری شدت پسندی کے دوران پہلی مرتبہ تعلیمی اداروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔