محسود پریس کلب کے وفد کی آئی جی ایف سی ساؤتھ سے ملاقات،صحافیوں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال

انسپکٹر جنرل فرنٹئیر کور ساؤتھ میجر جنرل ہارون حمید چوہدری سے محسود پریس کلب جنوبی وزیرستان اپر کے وفد نے صدر فاروق محسود کی سربراہی میں ملاقات کی۔

محسود پریس کلب سے جاری پریس ریلیز کےمطابق وانا میں ہونے والی ملاقات کے دوران صدر فاروق محسود نے جنوبی وزیرستان بشمول ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں صحافیوں کو درپیش مشکلات کو اجاگر کیا اور ممکنہ حل پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے غلط اور گمراہ کن اطلاعات کی روک تھام کے حوالے سے بھی تجاویز کا تبادلہ کیا،اور اس سلسلے میں محسود پریس کلب کی جانب سے جاری اقدامات کو آئی جی ایف سی نے سراہا۔

میجر جنرل ہارون حمید نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ باخبر معاشرے کے لئے صحافیوں کا اہم کردار ہے اور اس لئے صحافیوں کو معاشرے کی آنکھ اور کان کہا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی وزیرستان میں صحافی بغیر کسی خوف و خطر کے اپنی صحافتی خدمات سر انجام دے سکتے ہیں اور ایف سی ساؤتھ صحافیوں کو صحافتی خدمات کی انجام دہی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنے دے گی۔

آئی جی ایف سی ساوتھ نے جنوبی وزیرستان کی خوبصورتی، روایات، اور سیاحت کے مواقع پر عوامی آگاہی پھیلانے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ صحافی اپنی رپورٹنگ کے ذریعے علاقے کے مثبت پہلوؤں کو اجاگر کر کے علاقے کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں

اس موقع پر محسود پریس کلب کی جانب سے آئی جی ایف سی کو محسود پریس کلب کی لدھا جنوبی وزیرستان میں عمارت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرنے پر سووینئر دیا گیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔