عمران خان کے بیان سے جنوبی وزیرستان کے لوگوں کو سخت مایوسی ہوئی ،بیان واپس لیاجائے،مولانا جمال الدین

اسلام آباد :جنوبی وزیرستان سے ممبر قومی اسمبلی اور چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے سیفران مولانا جمال الدین نے عمران خان کے اس بیان کی سختی سے مذمت کی ہے جن میں انہوں نے کہاہے کہ جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو انھیں قتل کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے ۔

پارلیمنٹ لاجز میں قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے صحافی سے ملاقات میں مولانا جمال الدین کا کہنا تھاکہ عمران خان کے بیان سے جنوبی وزیرستان کے لوگوں کو سخت مایوسی ہوئی ،بیان سے پوری دنیا میں وزیرستان کانام بدنام کردیا۔

انہوں نے کہاکہ بنی گالہ میں گرفتاری کے ڈر سے عمران خان جب چھپے ہوا تھا تو یہی لوگ ان کی حفاظت کےلئے دن رات پہرہ دیتے تھے،محسود قوم کے جوان ڈول کی تھاپ پرڈانس کرتے ہوئے یہ کہتے تھے کہ اگر خان صاحب کےلئے قربان ہوجائیں تو کوئی پروا نہیں،ابھی بھی جنوبی وزیرستان کے نوجوان زمان پارک میں عمران خان کی حفاظت کےلئے موجود ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میں حیران ہوں کہ اس سب کے باوجود عمران خان نے جنوبی وزیرستان اور پھر محسود قوم کے ساتھ یہ بے وفائی کیوں کی اور وزیرستان کو کیوں ٹارگٹ کیا گیا ۔

مولانا جمال الدین نے کہا کہ جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں اور کارکنوں سے اپیل کرتاہوں کہ وہ عمران خان کے اس بیان کی مذمت کریں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اس بیان سے بیرون ملک وزیرستانیوں کو مشکلات کا سامنا ہوسکتاہے،اس سے پہلے مشرف نے وزیرستان کو بدنام کیا تھا جس کی وجہ سے وزیرستان سےتعلق رکھنےوالے طلبا جو ملک سے باہر پڑھتے تھے ان کی تعلیم چھوٹ گئی تھی۔
انہوں نے کہاکہ میں اس بیان پر میں پارلیمنٹ کے فلور پر بھی احتجاج کروں گا ،عمران خان کو بیان واپس لینا چاہیئے کیونکہ اس سے پوری قوم بدنام ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ویسے بھی یوٹرن کےلئے مشہور ہے ،اس بیان پر بھی اگر یوٹرن لیں تو اچھی بات ہوگی دوسری بات یہ ہے کہ جنوبی وزیرستان میں پولیس بھی موجود ہے اور آرمی اور خفیہ ایجنسیوں کے اہلکاروں کی بھی کمی نہیں ہے، انہوں نے جن جو دو بندوں کا زکر کیا ہے یا تو ہمیں خود بتائیں یا اداروں کے زریعے لوگوں کو سامنے لائیں،وہ تو خود کہتے ہیں کہ کہ اس کے پاس ثبوت ہیں تو کیوں لوگوں کو نہیں بتاتے،پوری قوم اور علاقے کو کیوں بدنام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پہلے بھی اس نے اس قسم کے شوشے چھوڑے ہیں کھبی کہتاہے کہ مجھے چار لوگ قتل کررہے ہیں ،کھبی کہتے کہ مجھے آصف زرادری قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں اور اب ایک قوم کو بدنام کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایم این اے جمال الدین،تحریک انصاف کے سینیٹر دوست محمد محسود اور پی ٹی آئی جنوبی وزیرستان کے صدر افسر خان محسود کا تعلق جنوبی وزیرستان علاقہ بدر سے ہے جس کےمتعلق عمران خان نے بیان دیا تھاکہ جنوبی وزیرستان علاقہ بدر سے تعلق رکھنے والے 2افراد کو انھیں قتل کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔