لوئر کرم میں ممکنہ اپریشن ، انتظامیہ کا متاثرین کیلئے کیمپس قائم کرنے کیلئے محکمہ ریلیف کو خط

خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کےڈپٹی کمشنر نے لوئر کرم کےمختلف علاقوں میں ممکنہ اپریشن کے پیش نظر متاثرین کیلئے کیمپس قائم کرنے کیلئے محکمہ ریلیف کو خط لکھ دیا.

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے محکمہ ریلیف کو لکھے گئے خط کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے لوئر کرم کے مختلف علاقوں بگن، مندوری، چھپری اور چھپری پڑاؤ میں آپریشن کی منصوبہ بندی کررہے ہیں.

خط میں محکمہ ریلیف سے کہا گیا ہے کہ متاثرین کیلئےضلع ہنگو کے علاقے ٹل میں ڈگری کالج، ٹیکنیکل کالج، ریسکیو 1122 اور عدالت کی عمارتوں میں کیمپس قائم کئے جائیں۔

واضح رہے کہ16 جنوری کو کرم کے علاقے بگن میں نامعلوم مسلح افراد نے پارا چنار جانے والے گاڑیوں کے قافلے پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی اہلکار اور 2 ڈرائیورز موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ5 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق جوابی کارروائی میں 6 حملہ آور مارے گئے جبکہ 10 زخمی ہوئے۔

گذشتہ روز لوئر کرم کے علاقے اڑوالی سے 4 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی،مقتولین کو تشدد کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔پولیس کے مطابق لاشیں لاپتہ ہونے والے ڈرائیورز کی ہیں۔

تاجر رہنما حاجی امداد کے مطابق 10 افراد تاحال لاپتہ ہیں جبکہ 35 ٹرکوں میں سے سامان کے صرف 2 ٹرک واپس ٹل پہنچے، 10 سے زائد ٹرکوں کو لوٹنے کے بعد جلا دیا گیا جبکہ 30 سے زائد ٹرکوں میں اربوں روپے کا سامان لوٹا گیا۔