محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل سراروغہ کے سول ہسپتال پر پولیس کا قبضہ ختم کرنے کیلئے سیکرٹری خیبرپختونخوا حکومت،محمکہ داخلہ وقبائلی امور کو خط بجھوا دیا .
سیکرٹری خیبرپختونخوا،محمکہ داخلی اور قبائلی امورکے نام بجھوائے گئےخط میں کہا گیا ہے کہ ضلعی پولیس کے سول ہسپتال سرا روغہ پر غیر قانونی قبضے سے کئی مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ سرا روغہ کے رہائشیوں کو آبادی کو پولیس کی ہسپتال میں غیر قانونی موجودگی پر سخت تشویش ہے۔ مقامی آبادی کی ایک بڑی تعداد صحت و علاج کے تمام تر سہولیات سے محروم ہوتے جارہے ہیں۔
مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس نے بغیر کسی اجازت کا ہسپتال پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ ان کی یہاں پر موجودگی غیر قانونی ہے جس کے باعث علاقے کے مریضوں کے بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔
علاج، مریضوں و میڈیکل سٹاف کی سیفٹی، ہسپتال انتظامیہ جیسے امور پر ان کی موجودگی کے باعث برے اثرات پڑ چکے ہیں۔ غیر قانونی طور پر قبضے کے باعث محکمہ صحت کے قواعد و ضوابط بھی شدید متاثر ہو گئے ہیں۔
محکمہ صحت کے مراسلے میں مذکورہ ہسپتال کو فوری طور پر پولیس فورس سے خالی کروانے کیلئے اقدامات لینے کا کہا گیا ہے تاکہ ہسپتال میں صحت سے متعلق تمام تر سرگرمیاں بحال ہو جائیں۔
صوبائی سیکرٹری و محکمہ داخلہ سے گزارش کی گئی ہے کہ ہسپتال پر غیر قانونی قبضے و ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کرنے کیلئے مذکورہ معاملے کی تحقیقات کرانا بھی لازمی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے اقدامات کو روکا جائے۔
واضح رہے کہ19 اکتوبر کو پولیس نےجنوبی وزیرستان اپر کے سول ہسپتال سراروغہ سے تمام عملے کو بے دخل کرتےہوئےاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر(ڈی پی اوٰ) کا آفس قائم کردیا تھا۔
واقعہ کے بعد ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جنوبی وزیرستان اپر شمس داوڑ کی جانب سے ریجنل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کومراسلہ لکھا گیا تھا جس میں محمکہ پولیس کی جانب سےہسپتال پر قبض اور عملے کو بے دخل کرنے سے متعلق آگاہ کیاگیا تھا۔
مذکورہ ہسپتال پر پولیس قبضے کے خلاف جنوبی وزیرستان کی سیاسی اور سماجی رہنماؤں کی جانب سے سخت تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔
میئر سرویکئی شاہ فیصل غازی کا کہنا تھا کہ سراروغہ سول ہسپتال پر پولیس کا اسطرح قبضہ کرنا اور میڈیکل سٹاف کو ہسپتال سے بے دخل کرنا حیران کن ہے.
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں شاہ فیصل غازی کا کہنا تھا کہ وزیرستان کے غریب عوام کے ساتھ زیادتی اور غیرمناسب رویہ ہرگِز برداشت نہیں کرنگے۔ہم حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سراروغہ سول ہسپتال کو فلفور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کیا جائے۔