کرم، پارا چنار پشاور شاہراہ بند ہونےکی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا

خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کے صدر مقام پارا چنار میں گذشتہ دس دنوں‌سے سڑک کی بندش کی وجہ سے لاکھوں لوگ محصور ہوکر راہ گئے ہیں.

پاراچنار اور پشاور کے درمیان اہم شاہراہ بند ہونے کے خلاف مقامی قبائیل نے مختلف علاقوں میں دھرنے شروع کر دیئے ہیں۔

طوری بنگش قبائل رہنماؤں جلال بنگش اور علامہ تجمل حسین نے کہا ہے کہ سڑک بند ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس صورتحال کے باعث اشیائے خوردونوش، تیل، اور ادویات کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ تمام کاروباری ادارے اور تعلیمی ادارے بھی احتجاجاً بند کر دیئے گئے ہیں۔

سماجی رہنما میر افضل خان نے انتباہ کیا ہے کہ راستوں کی بندش کی وجہ سے بیرون ملک جانے والے محنت کشوں کے ویزے اور ٹکٹس متاثر ہو رہے ہیں جبکہ طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آمدورفت کے راستے فوری طور پر نہ کھولے گئے تو ایک بڑا انسانی المیہ پیش آ سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتالوں میں ادویات کی کمی کی وجہ سے لوگ علاج نہ ملنے کے باعث جان کی بازی ہار رہے ہیں۔

واضح رہے کہ 12 اکتوبر کو صدہ میں کانوائے پر فائرنگ کے واقعے کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر یہ سڑک بند کی گئی ہے۔