خیبرپختونخوا حکومت نے صحت کارڈ سروس کی بحالی کیلئے 2 ارب روپے جاری کردیئے

خیبرپختونخوا کی نگراں حکومت نے صحت کارڈ سروس کی بحالی کےلئے دو ارب روپے جاری کردیئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مشیرصحت خیبرپختونخوا ریاض نے کہا ہے کہ صحت کارڈ سروس میں مزید اصلاحات کی جائیں گی جبکہ انتظامی کوتاہیوں کو دور کیا جائیگا۔

انہوں نے کہاکہ فنڈز کی کمی سے صحت کارڈ سروس بندہوا تھا، نگراں وزیر اعلیٰ اعظم خان کی ہدایت پر فنڈز جاری ہوا۔

مشیر صحت نے کہا کہ ایم ٹی آئی اسپتالوں میں غیر ضروری ترقیاتی کاموں پر پابندی عائد کر دی ہے،اسپتالوں میں نئی بلڈنگز بنانے کی بجائے مریضوں کی دیکھ بھال اور سہولیات پر توجہ دیں گے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل صوبہ بھر میں صحت کارڈ پرعلاج روک دیا گیا تھا۔ سٹیٹ لائف انشورنس کمپنی پینل نے ہسپتالوں کو صحت کارڈ پر علاج نہ کرانے کی ہدایت کی تھی۔