خیبرپختونخوا اسمبلی کا الیکشن 8 اکتوبر کو ہوگا،الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا۔

الیکشن کمیشن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کا الیکشن 8 اکتوبر کو ہوگا.

اس سے قبل گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلامی علی نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبائی انتخابات 8 اکتوبر کو کرانے کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط لکھا تھا۔

گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے اپنے خط میں لکھا کہ 22 مارچ کو الیکشن کمیشن نے متعدد وجوہات کی بنا پر پنجاب اسمبلی کے انتخابات 8 اکتوبر کو کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے اپنے خط میں لکھا کہ حالیہ دنوں صوبے میں دہشت گردی کی لہر میں اضافہ ہو رہا ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردی کی بڑی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

گورنر حاجی غلام علی نے خط میں لکھا کہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں شمالی وزیرستان میں سرحد پر فائرنگ، کوہاٹ میں پاک فوج کی گاڑی پر حملہ، 15 مارچ کو جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا شدید تبادلہ، 19 مارچ کو ضلع خیبر کی پولیس اسٹیشن پر فائرنگ، تین فوجی جوانوں کی شہادت کے بعد ڈیرہ اسمٰعیل خان میں چھاپوں کے پیش نظر پولیس اسٹیشن پر حملہ، 21 مارچ کو شمالی وزیرستان میں فوجی دستے پر حملے میں برگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی کی شہادت شامل ہیں۔

سیکیورٹی خدشات ،گورنر خیبرپختونخوا کا انتخابات 8 اکتوبر کو کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے 30 اپریل کو ہونے والے انتخابات ملتوی کرکے 8 اکتوبر کی تاریخ دی ہے۔

اس حوالے سے تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں درخواست بھی دائر کر رکھی ہے جس پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ دو دن سے سماعت کر رہا ہے۔