خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے نومنتخب وزرائے اعلی نے حلف اٹھالیا

خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے نومنتخب وزرائے اعلی علی امین گنڈاپور اور میرسرفراز بگٹی نے حلف اٹھالیا۔

علی امین گنڈاپور سے گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے جبکہ میر سرفراز احمد بگٹی سےگورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے حلف لیا۔

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کی تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس پشاور میں ہوئی جس میں سنی اتحاد کونسل کے رہنماؤں اور سرکاری افسران نے شرکت کی، تاہم تقریب حلف برداری شروع ہونے سے پہلے بے نظمی کا شکار ہو گئی تھی۔

تقریب میں داخل ہونے کے لیے کارکنان نے دھکم پیل کی جس کی وجہ سے اراکین اسمبلی کو نشستوں پر بیٹھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تقریب میں نشستیں خالی کرنے کیلئے اعلانات کیے گئے کہ قیادت کو بیٹھنے کے لیے جگہ دیں، کارکنان سن لیں، آپ پر وزیراعلیٰ اور اسپیکر ہاؤس کے دروازے بند کردیئے جائیں گے ہمیں ڈسپلن کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

بلوچستان کے وزیراعلی کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس کوئٹہ میں منعقد ہوئی ۔تقریب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی، ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ، اراکین صوبائی اسمبلی بلوچستان، اعلیٰ سول حکام سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین اور سیاسی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی.