کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں لوٹ مار کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ملزم سیاسی جماعت کا بلدیاتی امیدوار نکلا۔
پولیس حکام نے دعویٰ کیا کہ زخمی حالت میں گرفتار مبینہ ڈاکو عبدالنبی نے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں سیاسی جماعت کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا، گرفتار مبینہ ڈاکو نے کونسلر کی نشست پر یوسی 6 وارڈ نمبر چار سے الیکشن لڑا اور 305 ووٹ حاصل کیے تھے۔
پولیس نے دعویٰ کیا کہ ملزم الیکشن سے قبل بھی اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کرتا رہا ہے جس کا اُس نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا ہے۔ ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ اتحاد ٹاؤن اور اطراف میں موٹر سائیکل چھیننے اور میڈیسن کمپنی کی وین لوٹ چکا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم آج شام بھی واردات کررہا تھا کہ شہریوں نے پکڑ کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، ملزم کو پولیس نے زخمی حالت میں حراست میں لیا، قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔