جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ نےبطور نگران وزیراعلٰی خیبرپختونخوا حلف اٹھا لیا

جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نےبطور نگران وزیراعلٰی خیبرپختونخوا اپنے عہدے کاحلف اٹھا لیا۔

گورنرہاؤس پشاور میں حلف برداری کی تقریب ہوئی ۔گورنرحاجی غلام علی نے جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ سے بطور نگراں وزیراعلیٰ ان کے عہدے کا حلف لیا۔

تقریب میں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس محمد ابراہیم خان، میئر پشاور حاجی زبیرعلی، سابق نگراں صوبائی کابینہ کے اراکین، چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری، آئی جی پولیس خیبرپختونخوا اخترحیات گنڈاپور اور کمشنر پشاور سمیت صوبائی محکموں کے انتظامی سربراہان نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان کا انتقال ہو گیا تھا جس کے بعد اختیارات گورنر کے پاس چلے گئے تھے۔

گورنر حاجی غلام علی نے گزشتہ روز ہی سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور سابق اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کو خط لکھ کر ہدایت کی تھی کہ نئے نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر 3 روز میں مشاورت مکمل کی جائے۔

مشاورتی عمل کے پہلے ہی روز جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ کے نام پر اتفاق کر لیا گیا جس کے بعد انہوں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔