جناح ہاؤس حملہ کیس،عدالت کا سابق ایم پی اے سمیت 16 ملزمان کو فوج کے حوالے کرنے کا حکم

لاہور :انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کور کمانڈر ہاؤس پر حملے میں مبینہ طور پر ملوث ایم پی اے سمیت 16 ملزمان کو فوجی عدالت میں ٹرائل کیلئے فوج کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے.

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابہر گل خان نے جناح ہاؤس پر حملے میں ملوث 16 ملزمان کی تحویل میں دینے کی کمانڈنگ افسر عرفان اطہر کی درخواست پر سماعت کی۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں اکرم عثمان سمیت 16 ملزمان کو کمانڈنگ افسر کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا.

ملزمان میں امر ذوہیب، علی رضا، محمد ارسلان، محمد عمیر، محمد رحیم، ضیاالرحمٰن، وقاص علی، رئیس احمد، فیصل ارشاد، محمد بلال حسین، فہیم حیدر، عرضم جنید، میاں محمد اکرم احسان، محمد حاشر خان اور حسین شاکر شامل ہیں۔

دوران سماعت عدالت نے کہا پراسیکیوشن نے کمانڈر کی درخواست پر اعتراض نہیں کیا، سپرٹنڈنٹ کیمپ جیل 16 ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے کمانڈنگ افسر کے حوالے کرے۔

کمانڈنگ افسر کی طرف سے دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران آرمی ایکٹ کے تحت 16 ملزمان 9 مئی کو جناح ہاؤس (کور کمانڈر) ہاؤس پر حملے میں ملوث پائے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ 9 مئی کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی طرف سے اسلام آباد ہائی کورٹ سے گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے ملک گیر احتجاج شروع ہوا تھا جس کے دوران لاہور میں کچھ مشتعل افراد نے کور کمانڈر ہاؤس (جناح ہاؤس) پر حملہ کرکے وہاں توڑ پھوڑ کی اور فوجی تنصیبات کو نذر آتش کیا جس کے بعد حکومت نے فوجی تنصیبات پر حملے میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن کرنا شروع کردیا تھا۔