انٹرنیٹ بحال،صارفین کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا

اسلام آباد:پاکستان میں موبائل انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی بحالی کے بعد اب بھی صارفین کو بعض سوشل میڈیا پلیٹ فارمز استعمال کرنے میں مشکل پیش آ رہی ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی بحالی کے بعد بھی فیس بک ،ٹوئٹر اور یوٹیوب کام نہیں کررہے ہیں.

جمعے کی شام کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) نے ملک میں موبائل انٹرنیٹ سروس کو بحال کر دیا تھا،اس کے علاوہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز یوٹیوب، فیس بک اور ٹوئٹر کو بھی بحال کر دیا گیا تھا .

وزیراعظم کے معاون خصوصی سلمان صوفی نے کہا تھا کہ ملک میں انٹرنیٹ سروس مکمل بحال ہو گئی ہے تاہم اگر کسی کو مشکل پیش آ رہی ہے تو پی ٹی اے کو رپورٹ کریں۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال میں براڈ بینڈ اور موبائل فون انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سائٹس تو بند کی گئیں تاہم لینڈ لائن انٹرنیٹ محدود رفتار سے چلتا رہا۔

صارفین لینڈ لائن انٹرنیٹ سے سوشل میڈیا سائٹس تک رسائی کے لیے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) کا سہارا لے رہے تھے۔