وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے )نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے سیکیورٹی انچارج افتخار رسول گھمن کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے کے ایک اعلٰی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر افتخار رسول گھمن کو گرفتار کرنے کی تصدیق کی۔
غیرملکی نشریاتی ادارے اردو نیوز کو تفصیلات بتائے ہوئےاعلی افسر نے کہاکہ انٹرنیشنل منی لانڈرنگ کریمینل نیٹ ورک سے وابستہ مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
افسر کے مطابق ایف آئی اے کے انسداد منی لانڈرنگ سیل نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ میں ملوث ملزم افتخار رسول گھمن کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے افسر نے دعویٰ کیا کہ ’گارڈن ٹاؤن کے رہائشی ملزم افتخار رسول گھمن نے شریک ملزم قیصر مشتاق اور عاصم حسین کے ساتھ مل کر منی لانڈرنگ کی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’ملزم افتخار رسول گھمن نے 41 جعلی کمپنیاں بنا رکھی تھیں جن کے ذریعے مبینہ طور پر منی لانڈرنگ کی گئی۔‘
اس سے قبل بدھ کو ہی عمران خان نے اپنے ٹوئٹر بیان میں الزام لگایا تھا کہ ’میرے سکیورٹی انچارج افتخار گھمن کو اغوا کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ یہ لندن پلان کا حصہ ہے جس میں نواز شریف کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ تحریک انصاف کو کُچل دیا جائے گا،لہٰذا میرے قریبی افراد اور میری لیڈرشپ کو ہراساں اور اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کے خلاف پاکستان بھر میں شرمناک مقدمات قائم کیے جا رہے ہیں۔