عمران خان کا جیل بھرو تحریک معطل کرنے کا اعلان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے جیل بھرو تحریک معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ٹویٹر پر جاری بیان میں سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم جیل بھرو تحریک معطل کر کے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابی مہم چلانے کے لئے آگے بڑھیں گے۔


عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں اس امید کا اظہار کیا کہ آئین کا تحفظ سپریم کورٹ کی ذمہ داری ہے اور سپریم کورٹ نے آج کے فیصلے سے اپنی ذمہ داری کو پورا کیا ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان نے ملک میں مبینہ لاقانونیت، آئین شکنی اور روز افزوں مہنگائی کے خلاف 22 فروری سے پر امن جیل بھرو تحریک کے پہلے مرحلے کا آغاز کیا تھا۔

جیل بھرو تحریک کا پہلا مرحلہ آٹھ روز پر مشتمل تھا۔پہلے مرحلے میں لاہور، پشاور، راولپنڈی،ملتان، گوجرانوالہ، سرگودھا،ساہیوال اور فیصل آباد میں جیل بھرو تحریک کے تحت گرفتاریاں دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

جیل بھرو تحریک پہلے مرحلے کے آٹھویں روز آج فیصل آباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے گرفتاریاں دینے کا اعلان کر رکھا تھا لیکن پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کیس کا فیصلہ آنے کے بعد چیئرمین تحریک انصاف نے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے جیل بھرو تحریک معطل کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ اب وہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابی مہم چلانے کے لئے آگے بڑھیں گے۔

سپریم کورٹ کا پنجاب اورخیبرپختونخوا میں 90 روز میں الیکشن کرانے کا حکم


سپریم کورٹ آف پاکستان نے پنجاب او ر خیبرپختونخوا میں انتخابات کے از خود نوٹس کیس کا گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا ہے کہ دونوں‌ صوبوں کی اسمبلیوں کی تحلیل کے نوے دن کے اندر انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔