چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے اگر حکومت فوری اسمبلی توڑ کر الیکشن کرانا چاہتی ہے تو ہی بات کریں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کو کہہ رہا ہوں کہ اگر وہ دوبارہ وہی ستمبر-اکتوبر (میں الیکشن) کی بات کرتے ہیں تو بات چیت کی کوئی ضرورت نہیں۔
مزید بات کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ڈرٹی ہیری نے مجھے دو بار قتل کرانے کی کوشش کی، میں اگر ڈرٹی ہیری پر بات کرتا ہوں تو مجھ پر مقدمات بنا دیے جاتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم قانون پر چل رہے ہیں، وہ قانون شکنی کر رہے ہیں، مذاکرات ایک جیسے لوگ کرتے ہیں، وہ اور ہم ایک جیسے نہیں، یہ آئین پر نہیں چلتے۔
سابق وزیراعظم نے موجودہ حکومت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تو آئین ختم کر دیا جبکہ ہم نے آئین پر اور سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل کیا، پارلیمنٹ نہیں آئین سپریم ہوتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کا شکریہ، جنہوں نے ان (لوگوں) کو ہم پر مسلط کیا، باجوہ خود کہتا ہے کہ عمران خان خطرناک ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے پنجاب میں انتخابات کے لیے سپریم کورٹ کی بتائی ہوئی تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر 14 مئی کی تاریخ گزر گئی تو آئین ٹوٹ جائے گا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کے حوالے سے مذاکرات کا پہلا دور گزشتہ روز ہوا تھا جس میں فریقین نے بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔