وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب سے جاری شدید بارشوں کے باعث گولڑہ موڑ چوک کے قریب زیر تعمیر انڈر پاس کی دیوار گرنے سے 12 افراد جاںبحق ہوگئے۔
چیف کمشنر اسلام آباد نور الامین مینگل نےمیڈیا کوبتایا کہ گولڑہ موڑ چوک کے قریب زیر تعمیر انڈرپاس کے قریب مزدور سو رہے تھے کہ بارش کے باعث دیوار ان کے اوپر آ گری، جس کے باعث اموات ہوئیں۔
پاکستان وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے نتیجے میں پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب 12 افرد کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات کی ہیں۔
جڑواں شہر راولپنڈی میں بارش کے باعث گوالمنڈی کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح کم ہونے لگی ہے۔نالہ لئی میں پانی کی سطح 17 فٹ تک بلند ہوئی تھی تاہم اب صرف چار فٹ تک ہی پانی موجود ہے۔
اس سے قبل بارش کے باعث گوالمنڈی کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث حکام نے رین ایمرجنسی نافذ کردی تھی۔
پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ایمرجنسی سائرن بجا دیے گئے اور نشیبی علاقوں اور گوالمنڈی میں ریسکیو اہلکاروں نے آگاہی پیغام دینا شروع کر دیے ہیں۔
راولپنڈی ڈویژن کے کمشنر لیاقت علی چٹھہ کے مطابق راولپنڈی میں 186ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی اور اس وقت کٹاریاں میں پانی کی سطح 19 فٹ اور گوالمنڈی پر 18 فٹ ہے جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی کو الرٹ کردیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے مختلف علاقوں میں 18 سے 23 جولائی تک موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی گئی تھی۔
محمکہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں 18 جولائی کی شام ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی جو 19 جولائی کو شدت اختیار کریں گی۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ 18 سے 22 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گجرانوالہ اور لاہور میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔