کوئٹہ اور نوشکی میں‌دستی بم حملے،ایک شخص زخمی

صوبائی دارلحکومت کوئٹہ اور ضلع نوشکی میں‌دستی بم حملوں کے الگ الگ واقعات میں ایک شخص زخمی ہوگیا.

پولیس زرائع کے مطابق ضلع نوشکی میں‌سٹی تھانے پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا ہے جس میں‌کوئی جانی نقصان نہیں‌ہوا ہے.

قبل ازیں آج صبح کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس کےعلاقہ ملاخیل آباد میں سیاسی جماعت مظلوم اولسی تحریک کے انتخابی دفتر پر دستی بم حملہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ زخمی شخص کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ کچھ دنوں سے بلوچستان میں حملوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، گزشتہ روز کوئٹہ، تربت اور جعفر آباد میں دھماکے کئے گئے تھے۔

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سی پیک روڈ پر دھماکے سے ایک شخص شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔

کوئٹہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ (ایس اپی) پولیس آپریشنز جواد طارق نے بتایا تھا کہ دھماکے میں 8 سے 10 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

گزشتہ روز ایک الگ واقعے میں رات گئے نامعلوم افراد نے کوئٹہ کے شالکوٹ تھانے پر دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے،علاوہ ازیں جعفر آباد کے علاقے میں بھی شرپسندوں کی جانب سے دستی حملہ ہوا تھاجس کے نتیجے میں 3 افراد معمولی زخمی ہوگئے تھے۔

ایس ایس پی جعفر آباد فریال فرید نے میڈیا نمائندوں کو بتایا تھا کہ نامعلوم افراد نے ڈیرہ اللہ یار میں قومی شاہراہ پر کھڑی ایک ٹرک پر دستی بم پھینکا جو روڈ کنارے گر کر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔