جرمن شہری کا 217 دفعہ کورونا ویکسین لگانے کا انکشاف

62 سالہ جرمن شخص نے 29 ماہ کے دوران کورونا وائرس کی 217 ویکسین لیں.

متعدی امراض کے جرید دی لانسیٹ میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی آف ایرلانجن نیورمبرگ کے محققین کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ 217 بار کووڈ ویکسین لگانے کے بعد اس شخص کی صحت پر کوئی منفی اثر نہیں پڑا۔

یونیورسٹی کے مائیکرو بایولوجی ڈیپارٹمنٹ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر کلیان شوبر نے کہا ہے کہ بار بار ویکسین کی خوراکیں دینے سے مدافعتی نظام میں اضافہ ہو سکتا ہےتاہم ممکنہ طور پر بعض خلیوں پر بُرا اثر بھی پڑسکتا ہے۔

محققین کو 62 سالہ شخص میں مدافعتی نظام پر منفی اثرات کا کوئی ثبوت نہیں ملا، اس کے علاوہ اس بات کے کوئی اشارے نہیں ملے کہ وہ کبھی کرونا سے متاثر ہوا ہو۔

محققین نے اس بات پر زور دیا کہ وہ مدافعتی نظام کو بڑھانے کے لیے ہائپر ویکسینیشن کی حمایت نہیں کرتے ہیں، لہذا عام لوگوں کو تین سے زیادہ کووڈ ویکسین لگانے سے خبردار کیا ہے۔