سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار لکھ پتی سے ارب پتی بن گئے

سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار 2017 سے 2023 تک لکھ پتی سے ارب پتی بن گئے۔

نجی ٹی وی ہم نیوز کی تحقیقات کے مطابق سابق وزیراعلی ٰعثمان بزدار کے اثاثے اچانک7لاکھ روپے سے بڑھ کر2ارب روپے کےہو گئے۔

عثمان بزدارکے اثاثوں میں 2ہزار700کنال زمین، 15 پلاٹ، ڈیڑھ کروڑکی نئی گاڑیاں اور بینک بلینس شامل ہیں۔

دستاویزات کے مطابق 2017میں عثمان بزدار کے اثاثوں کی مالیت7 لاکھ 62 ہزارروپے تھی،2018میں عثمان بزدار نے اپنے اثاثوں کی مالیت اڑھائی کروڑ روپے بتائی،2019-20میں عثمان بزدارنے اثاثوں کی مالیت ساڑھے تین کروڑ ظاہر کی ۔

2023میں الیکشن افسر کے سامنے عثمان بزدار نے اپنے اثاثوں کی مالیت51کروڑ ظاہرکی،2023 میں عثمان بزدار کے اثاثوں کی مجموعی مارکیٹ ویلیو 2ارب روپے سے بڑھ گئی۔

عثمان بزدار نے اراضی، کروڑوں کی گاڑیاں اور بینک بیلنس میں اضافہ دکھایا گیا۔

دستاویزات کےمطابق2018 میں عثمان بزدار کی ملکیت میں موضع امدانی میں 95 کنال زمین، 36 مرلے کا پلاٹ تھا،ملتان کی نجی ہاؤسنگ سوسائیٹی میں 8 مرلہ کا گھر ظاہر کیا، سخی سرورروڈ ڈیرہ غازی خان میں 4کنال اورتونسہ میں 14کنال کی رہائش گاہ ظاہر کی، اہلیہ کی ملکیت میں ڈی جی خان میں 18 مرلے،فورٹ منرو میں 2 کنال، تونسہ میں 19 مرلے اور1 کنال کے 2 پلاٹ شامل ہیں۔

دستاویزات کے مطابق عثمان بزدار کی ملکیت میں تونسہ میں 20 مرلے کا پلاٹ ظاہر کیا،مالی سال2019میں ہی چوٹی میں عثمان بزدار کی ملکیت میں163 کنال زمین کا اضافہ ہوا۔

عثمان بزدار کےبھائی جعفرخان بزدارنے موقف دیتے ہوئے کہا کہ عثمان بزدار کو تمام اثاثے والدین سے ملے،عثمان بزدار کے اثاثے جائز ذرائع سے آئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نیب بھی ہمارے پورے خاندان کے اثاثوں کی چھان بین کررہا ہے،والد کی وفات کے بعد اثاثے ملے، مزیدسامنے آئیں گے۔