سابق مشیراجمل وزیر اور سابق صوبائی وزیر ہشام انعام اللہ خان کا پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان

سابق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوااجمل وزیر اور سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر ہشام انعام اللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) چھوڑنے کا اعلان کردیا.

اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اجمل خان وزیر نے کہا خیبرپختونخوا حکومت میں ان پر کرپشن کے بے بنیاد الزامات لگائے گئے ،آڈیو لیکس پر کمیشن بنایا گیا لیکن اللہ تعالی نے مجھے اس میں سرخرو کردیا.

اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ میں نے تین سال تک پارٹی کے خلاف کوئی بات نہیں اور خاموش رہا لیکن 9 مئی کے واقعات نے مجھے مجبور کردیا ہے کہ میں ان حالات میں خاموش نہ رہوں اور سامنے آجاؤں اور آج میں نے یہ فیصلہ کیا کہ پی ٹی آئی چھوڑ کر ذاتی حیثیت میں علاقے اور ملک کی خدمت کرسکوں۔

دوسری جانب آج ہی خیبر پختونخوا کے سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر ہشام انعام اللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں 9 مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی سے منسلک رہنا اپنی توہین اور ملک سے بیوفائی تصور کرتا ہوں۔

ڈاکٹر ہشام انعام اللہ نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے سیاہ دن ہمارے شہدا کی توہین کی گئی ان کی تصاویر جلائی گئیں، مجسمے گرائے گئے، شرپسند عناصر نے پاکستان کے وقار کو مجروح کیا جو میری نظر میں قابل مذمت اور ناقابل معافی ہے۔

ہشام انعام اللہ لکی مروت سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، وہ گزشتہ دور حکومت میں صوبائی وزیر صحت تھے۔