پشاور:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی عثمان ترکئی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عثمان ترکئی کا کہنا تھاکہ ہم پہلے مسلم لیگی تھے، اس کے بعد بھٹو شہید کےساتھ تھے، بعد میں ہم پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے۔
عثمان ترکئی کاکہنا تھاکہ عمران خان کے ساتھ انصاف کی باتیں کرنے کی وجہ سے شامل ہوئے تھے، مجھے پی ٹی آئی میں ہونے کے باوجود نظر انداز کیا گیا، پرویز خٹک نے مجھے آگے آنے نہیں دیا اور ہمارے خلاف صوبائی سطح پر سازش کی گئی۔
انہوں نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی شدید مذمت کرتا ہوں، پی ٹی آئی کے ساتھ اب آگے نہیں چلیں گے، عدالت نے ہمیں بحال بھی کیا تو پی ٹی ائی کی سیٹوں پرنہیں بیٹھوں گا۔
عثمان ترکئی کا کہنا تھاکہ عمران خان اور ان کی پارٹی نے دہشت گردی کی، کرنل شیر خان شہید سے یکجہتی میں کل بھی ہم نےاحتجاج کیا تھا، مشورے کے بعد فیصلہ کروں گا کہ کس پارٹی میں جانا ہے۔
واضح رہے کہ عثمان ترکئی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 19 صوابی سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن منتخب ہوئے تھے۔