کوئٹہ،نواں کلی میں‌پولیو ٹیم پر فائرنگ،دو پولیس اہلکار جاں‌بحق

کوئٹہ کے نواحی علاقے نواں کلی میں پولیو ٹیم پر فائرنگ کے نتیجے میں سیکیورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے دوران انسداد پولیو ٹیم محفوظ رہی، جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کی لاشیں ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

پولیس نے مزید بتایا کہ واقعہ نواں کلی زرغون آباد میں پیش آیا ،واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، نواں کلی اور گردونواح میں انسداد پولیو مہم عارضی طور پر معطل ہوگئی ہے۔

ایس ایچ او نواں کلی پولیس اسٹیشن آصف مروت نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے اہلکاروں میں کانسٹیبل شوکت علی اور سید مہدی شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے زرغون آباد تھانے کی حدود میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار وں پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے دہشت گردی کی کارروائی میں 2 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور ہمارے بچوں کے صحت مند مستقبل کے خلاف مذموم سازش ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان بھر میں 5 سال سے کم عمر کے تقریباً 26 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی مہم آج سے شروع کی گئی ہے۔