شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں نامعلوم افراد نے یوتھ آف وزیرستان کے سابق صدر وقاراحمد شہید کے والد زربت خان کوفائرنگ کرکے قتل کردیا ۔
میرعلی پولیس کے مطابق ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ عیدک میں پیش آیا۔مقتول زربت خان پی ٹی سی ایل کے ملازم تھے۔
پولیس نے مزید کہا کہ لاش کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے اورمقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق زربت خان یوتھ آف وزیرستان سے تعلق رکھنے والے وقار احمد کا والد تھا۔ وقار احمد کو ایک سال قبل باقی تین ساتھیوں سمیت قتل کیا گیا تھا۔
اس سے قبل شمالی وزیرستان میں جمعیت علمائے اسلام کے سوشل میڈیا انچارج جاوید نور کو بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا۔ اس سے قبل گاٶں تپی سے تعلق رکھنے والے تسکین اللہ نامی نوجوان کو بھی نامعلوم افراد نے قتل کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ کا مسئلہ گذشتہ کئی سالوں سے جاری ہے جس کے خلاف پشتون تحفظ موومنٹ، نیشنل ڈیموکرٹیک موومنٹ اور یوتھ آف وزیرستان سمیت متعدد سیاسی جماعتوں کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے ،جلوس اور دھرنے منعقد کئے گئے۔