دنیا بھر میں فیس بک اور انسٹا گرام کےاکاؤنٹس اچانک لاگ آؤٹ ہوگئے،گھنٹہ بعد بحال

پاکستان سمیت دنیا بھر میں فیس بک اور انسٹا گرام کےاکاؤنٹس اچانک لاگ آؤٹ ہوگئے جو گھنٹہ بعد بحال ہوگئے.

پاکستان میں فیس بک اکاؤنٹ لاگ آؤٹ ہونے کا آغاز سوا 8 بجے کے لگ بھگ ہوا۔

شروع میں صارفین سمجھے کہ ان کا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا ہے تاہم کچھ ہی دیر بعد معروف ویب سائیٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر پر شکایات آنا شروع ہوگئیں جب کہ ایکس پر بھی لوگوں نے فیس بک سے لاگ آؤٹ ہونے کی شکایت کی ہے۔

ڈاؤن ڈیٹیکٹر پر یہ شکایات صرف پاکستان تک ہی محدود نہیں بلکہ کینیڈا، برطانیہ اور آسٹریلیا میں بھی اسی طرح کی شکایات سامنے آئی ہیں۔

بھارت میں بھی صارفین نے فیس بک اکاؤنٹ سے لاگ آؤٹ ہونے کی شکایات کیں۔

فیس بک کے ساتھ ہی انسٹا گرام اور فیس بک مسینجر کے اکاونٹس بھی لاگ آؤٹ ہو گئے۔ میٹا کی جانب سے ٹوئٹر کے متبادل ایپ تھریڈز بھی بند ہوگئی۔

فیس بگ اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا کی ملکیت واٹس ایپ کی سروسز جاری رہیں اگرچہ کچھ صارفین نے اس میں خلل کی اطلاع دی۔

فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ فیس بک کے ساتھ کیا مسئلہ درپیش آیا لیکن یہ صورت حال غیرمعمولی تھی۔

دنیا بھر میں فیس بک کے 3.3 ارب صارفین ہیں اور اس کا ڈیٹا ہزاروں کی تعداد میں ڈیٹا سینٹرز پر بکھرا ہوا ہے۔