بارکھان میں دھماکا، 4 افراد جاں بحق، 12 زخمی

بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے رکھنی بازار میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔

ایس ایس پی بارکھان نجیب پندرانی نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر بارکھان عبداللہ کھوسہ کے مطابق دھماکا خیز مواد آئی ای ڈی کے ذریعے موٹرسائیکل پر نصب کیا گیا تھا جس پر 2 افراد سوار تھے۔

عبداللہ کھوسہ کے مطابق دھماکے کے بعد زخمیوں کو رکھنی ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ضلع خضدار میں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کے اسکواڈ کے قریب دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔