دکی، سب جیل سے تین قیدی فرار

بلوچستان کے ضلع دکی میں سب جیل سے تین قیدی فرار ہو گئے ہیں.

پولیس کے مطابق تینوں قیدی چوری اور ڈکیتی کے مقدمات میں پکڑے گئے تھے اور گذشتہ تین ماہ سے دکی پولیس تھانہ میں واقع سب جیل میں قید تھے۔

ایس ایچ او دکی جلیل مری نےعرب خبررساں ادارے کو بتایا کہ سب جیل میں کل 13 قیدی موجود تھے جنہیں پیر کی صبح حوالات سے باہر نکال کر واش روم لے جایا گیاجن میں سے تین قیدی عصمت اللہ، کبیر اور صدیق واش روم کے روشن دان کو توڑ کر وہاں سے فرار ہو گئے۔

ایس ایچ او کے مطابق مفرور قیدیوں میں دو کا تعلق پشین اور ایک کا تعلق زیارت کے علاقے سنجاوی سے تھا۔ مفرور ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مفرور قیدیوں کے ساتھ ساتھ فرائض میں غفلت برتنے پر وارڈن سمیت تین پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر کے ضلع پونچھ کی تحصیل راولاکوٹ کی ڈسٹرکٹ جیل سے 19 قیدی جیل عملے کو یرغمال بنا کر فرار ہو گئے تھے جبکہ ایک قیدی محمد خیام جیل سے بھاگتے ہوئے گولی لگنے سے ہلاک ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں