سیکیورٹی خدشات ،ضلع ٹانک کے متعدد نجی بینک عارضی طور پربندکردیئے گئے

ضلع ٹانک میں سیکیورٹی خدشات کے باعث متعدد نجی بینکوں نے اپنی خدمات عارضی طور پرمعطل کی ہیں۔

بینکوں پر تین دن بینک بند رہنے کا نوٹس آویزاں کردیا گیاجبکہ اے ٹی ایمز کو بھی بند کیا گیا۔

خبررساں ادارے ٹرائبل نیوز نیٹ ورک نےبینک پر معمور سیکیورٹی گارڈ سے پوچھا تو اس نے بتایا کہ دو دن پہلے نجی بینک پر حملے کے باعث بینکوں کو بند کیا گیا ہے۔

نجی بینک الحبیب کے ایک ملازم نے مذید بتایا کہ دو ہفتے پہلے تمام بینکوں کو دھمکیاں ملی تھی اور اس کے علاوہ دو دن پہلے ایک نجی بینک پر حملہ بھی ہوا ہے جس کی وجہ سے ہیڈ آفس کے حکم پر تین دن کیلئے عارضی طور پر بینک کو بند کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب پولیس افسران نے حالیہ خطرات کے پیش نظر بینکوں کی سیکیورٹی اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لیے بینکوں کا وزٹ کیا۔

ٹْانک پولیس کے مطابق ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز عبدالرشید خان نےشہر میں قائم تمام سرکاری و نجی بینکوں کا وزٹ کرکے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

بینک منیجرز کیساتھ ملاقات کرکے موجودہ خطرات و خدشات سے آگاہ کرکے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دینے کی تلقین کی۔

اس موقع پر انہوں نے بینکوں میں لگے ایمرجنسی الارم، SOS کال الرٹ اور خفیہ کیمروں کے نظام کا بھی جائزہ لے کر ان تمام سکیورٹی آلات کو دن رات فعال رکھنے اور ان کی پراپر مانیٹرنگ کرنے کی ہدایات دیں۔

واضح رہے کہ 23 اگست کو نامعلوم افراد نے ٹانک کے مین بازار میں ایک نجی بینک پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار جانبحق اور سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوا تھا.