خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹارگٹ کلنگ کے دو مختلف واقعات میں وزیرقبیلے سے تعلق رکھنے والے دو سرکردہ قبائلی مشران جاں بحق ہوگئے۔
ملک خیر محمد توری خیل کو تھانہ گومل یونیورسٹی کی حدود جبکہ ملک سنگین خان توجئے خیل کو تھانہ صدر کی حدود میں نشانہ بنایاگیا۔
حکام کے مطابق پہلا واقعہ آج دوپہر کوبلوچ ہوٹل کے قریب اس وقت پیش آیاجب شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی سے تعلق رکھنے والے وزیر گرینڈ جرگہ کے رکن ملک خیر محمد توری خیل پر نامعلوم فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
اس واقعے کے چند گھنٹو ں بعدجنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا سے تعلق رکھنے والے قبائلی رہنما ملک سنگین توجئے خیل پر ڈیال روڈ پر نامعلوم افراد نے اس وقت فائرنگ کی جب مغرب کی نماز پڑھنے کے بعد گھر جارہے تھے۔
دریں اثنا دوپہر کو ٹارگٹ کلنگ میں جاں بحق ہونے والے ملک خیرمحمد توری خیل کی نماز جنازہ آج ادا کردی گئی ہے جبکہ ملک سنگین کی نماز جنازہ کل ادا کی جائیگی۔ پولیس نے دونوں واقعات کے شواہد اکھٹے کرکے نامعلو م حملہ آوروں کے خلاف کاروائی شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ ملک خیر محمد توری خیل کا تعلق وزیر قبیلے کے ذیلی شاخ اتمانزئی سے ہے جبکہ ملک سنگین کا تعلق احمد زئی وزیر قبیلے سے ہے۔