ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پروآ میں پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑ پ میں تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) بالی کھیارہ گروپ کے 2اہم دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پروآ میں اپریشن کے دوران دہشت گردوں اور پولیس میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں دہشتگردی کے متعدد وارداتوں میں ملوث اور انتہائی مطلوب اور ٹی ٹی پی بالی کھیارہ گروپ کے بدنام زمانہ 2 دہشتگرد شعیب اور نعمان شفیق ہلاک ہوگئے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گرد شعیب کی سر کی قمیت 10 لاکھ روپے مقرر تھی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے دوران ایک دہشتگرد زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ دو طرفہ فائرنگ میں ایک راہگیر بھی زخمی ہوا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مارے جانیوالے دونوں دہشت گرد پولیس اور سیکورٹی فورسز پر حملوں اور فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 4 مئی 2023 کوڈیرہ اسماعیل خان میں تھانہ یونیورسٹی کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ سے ڈی ایس پی شدید زخمی ہوگئے جبکہ جوابی کاروائی میں بالی گروپ کے سربراہ اقبال عرف بالی کھیارہ ْسمیت 2 حملہ آور ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیاتھا