پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بلوچستان اور پنجاب میں شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف کاروائیوں میں 8عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے سمیت 5 خواتین کو گرفتار کرنے کا دعوی کیاہے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور ضلع واشک میں کارروائی کے دوران شدت پسند تنظیم داعش سے تعلق رکھنے والے آٹھ عسکریت پسند مارے گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی بلوچستان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ کوئٹہ اور ضلع واشک کے علاقے بسیمہ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں آٹھ عسکریت پسند مارے گئے۔
ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران مارے جانے والے عسکریت پسندوں کا تعلق کالعدم تنظیم داعش سے تھا۔عسکریت پسندوں کے ٹھکانے سے ایک ماہ قبل کوئٹہ سے اغوا ہونے والا شخص ابو بکر بھی بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 مبینہ دہشت گرد خواتین کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران لاہور سے 3 اور شیخوپورہ سے 2 خواتین کو گرفتار کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گر فتار خواتین کا تعلق کالعدم داعش سے ہے جن سے ،حفاظتی فیوز، ممنوعہ کتابیں ، موبائل فون ،اسلحہ اور نقدی برآمد ہوئی۔
خواتین کی شناحت فاخرہ، سعدیہ، ایمن،جویریہ اور فائزہ کے نام سے ہوئی۔گرفتار خواتین کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش کی جارہی ہے۔
حکام کے مطابق رواں ہفتے308 کومبنگ آپریشنز کے دوران 76 مشتبہ افراد گرفتار کیے ، کومبنگ آپریشنز میں 15225 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔