لاہور،سابق گورنرپنجاب چوہدری سرور کا مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کا اعلان

سابق گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے پاکستان مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

مسلم لیگ ہاؤس لاہور میں منعقدہ پریس کانفرنس میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کرتے ہوئےچوہدری محمد سرور نے کہا کہ میں نے سینکڑوں دوستوں سے مشاورت کی، سب نے مجھے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کے ساتھ چلیں، وہ وضع دار ہیں، قابل اعتبار اور ایماندار شخص ہیں، انہوں نے ہمیشہ ملک میں لوگوں کو جوڑنے اور مصالحت کرانے کا کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان حالات میں جب کہ بد قسمتی سے ملک میں سیاسی اختلافات دشمنی میں بدل چکے ہیں اور مشکل ترین حالات کے باوجود سیاستدان مل بیٹھ کر اکھٹے بیٹھنے کے لیے تیار نہیں ہیں، میں ملک کی تمام قوتوں کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیے مل کر ملک کی تعمیر و ترقی کا آغاز کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کا فیصلہ کہ کس نے ملک پر حکمرانی کرنی ہے، یہ فیصلہ عوام نے کرنا ہے لیکن ہمیں چاہیے ان مشکل حالات میں ایک ساتھ بیٹھیں۔

سابق گورنر پنجاب نے کہا کہ برطانیہ میں الیکشن کا ٹکٹ پارٹی سربراہ نہیں بلکہ مقامی قیادت دیتی ہے، وہ فیصلہ کرتی ہیں کہ کون ان کا نمائندہ ہوگا جب کہ پاکستان میں پی ٹی آئی کارکنوں کی اہمیت نہیں دی جاتی۔