چارسدہ،خواتین پر تشدد کرنے والے دو پولیس اہلکار معطل

چارسدہ میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی) کی قسط وصولی کے دوران خواتین پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکار معطل کئے گئے۔

بابڑہ ہائی سکول چارسدہ میں بی آئی ایس پی پروگرام کے تحت قسط وصولی کےلئے آنے والی خواتین پر دو پولیس اہلکاروں کی جانب سے تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خواتین بے انکم سپورٹ پروگرام کی قسط وصولی کے جمع ہوئی ہیں جبکہ پولیس اہلکار خواتین کو پیچھے دھکیل کر ان کو ڈنڈے مار رہے ہیں۔

واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او)مردان محمد سلیمان نے محکمانہ کارروائی کے لیے ڈی پی او چارسدہ کو احکامات جاری کردئے اور وائرل ویڈیو میں خواتین پر تشدد کرنے والے کانسٹیبل آیاز اور کانسٹیبل محمد زادہ کو فوری طور پر معطل کردیا۔

آر پی او مردان کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ پولیس انسانی حقوق کے محافظ ہیں اور کسی کو بھی غیرانسانی سلوک کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر و چیئر پرسن بی آئی ایس پی شازیہ مری نےکچھ روز قبل کہا تھا کہ حکومت نے بے نظیر کفالت وظیفے میں 25 فیصد اضافہ کیا ہے، مالی سال 23-2022ء کی چوتھی سہ ماہی قسط کے 9 ہزار روپے پیر سے تقسیم ہونا شروع جائیں گے۔