افغانستان میں بھنگ کی کاشت پر پابندی عائد

طالبان حکومت کی جانب سے افغانستان میں بھنگ کی کاشت پر پابندی عائد کر دی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان رہنما ہیبت اللہ اخوندزادہ نے باضابطہ طور پر حکم جاری کرتے ہوئے ملک میں بھنگ کی کاشت پر پابندی لگانے کا اعلان کیا۔

جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ملک میں بھنگ کی کاشت ممنوع ہے، حکم کی خلاف ورزی پر بھنگ کی فصل تباہ کردی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والے کو شرعی احکام کے مطابق سزا دی جائے گی۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں کسانوں کی جانب سے بڑی تعداد میں بھنگ کاشت کی جاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ 2010 میں افغانستان سب سے زیادہ بھنگ سپلائی کرنے والا ملک بنا تھا۔

واضح‌رہے کہ گذشتہ سال ماہِ اپریل میں طالبان لیڈر ملّا ہیبت اللہ آخوند زادے کے حُکم سے ملک بھر میں خشخاش کی کاشت سمیت الکحل، ہیروئن، نشہ آور گولیوں اور بھنگ جیسے مادّوں کے استعمال ، پیداوار اور تجارت کو ممنوع قرار دے دیا گیا اور حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔