ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس وین کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 21 زخمی ہوگئے۔
کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ظفرالسلام خٹک نےمیڈیا کو بتایا کہ ٹانک اڈا پوندہ بازار میں پولیس کی نفری لے جانے والی گاڑی کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد فائرنگ بھی ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوئے جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ایس ڈی پی او حافظ عدنان کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا ابھی اندازہ نہیں لگایا جا سکتا، بم ڈسپوزل اسکواڈ شواہد اکٹھا کر رہے جس سے دھماکے کی نوعیت کا پتا چل سکے گا۔