بٹگرام کیبل کار حادثہ، مالک اور آپریٹر گرفتار

ضلع بٹگرام کی تحصیل الائی میں گذشتہ روز پیش آنے والے حادثے کے بعد پولیس نے کیبل کار کے ملک گل زرین اور آپریٹر اعجاز کو گرفتار کرلیا .

واقعے کے حوالے سے ایس ایچ او تھانہ بنہ کی مدعیت میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرلی گئی ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعات 279، 278، 290، 407 اور دفعہ 337 ایچ 2 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ منگل (22 اگست) کو تقریباً 7 بج کر 50 منٹ پر اطلاع ملی کہ ایک چیئر لفٹ بالا کے علاقے میں پھنس گئی ہے، جس کے بعد سینئر پولیس افسران سمیت پولیس ٹیم جائے وقوع پر پہنچی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ریسکیو آپریشن میں پاک فوج، پاک فضائیہ کے اہلکار اور ان کے کمانڈوز کے ساتھ ساتھ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے حصہ لیا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ کیبل کار کے مالک اور آپریٹر کے خلاف مقدمہ مبینہ طور پر قیمتی جانوں سے کھیلنے، غفلت، بے احتیاطی، لوگوں کو ذہنی اذیت پہنچانے وغیرہ کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

مقدمے میں نشان دہی کی گئی ہے کہ کیبل کار کے لیے ناقص معیار کی رسی استعمال کی گئی اور ہنگامی صورت حال کے پیش نظر اس کا کوئی متبادل کا انتظام نہیں کیا گیا تھا اور اسی کی وجہ سے مسافروں کی قیمتی جانیں خطرے سے دوچار ہوئیں۔