ضلع بنوں کی تحصیل میریان میں نامعلوم افراد نے گرلز سکول کو جلا کر اس پر دھمکی آمیز تحریر لکھ دی۔
مقامی زرائع کے مطابق گزشتہ شب گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول ممباتی مرکزائی کو نامعلوم افراد نے جلا دیا۔
کلاس رومز میں موجود فرنیچر اور سائنس لیب میں سامان خاکستر ہوگیا۔
سکول کے مین گیٹ پر دھمکی آمیز تحریر چھوڑنے والے افراد شمسی پلانٹ اور ایک عدد پریشر پمپ مشین بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
گیٹ پر درج تحریر میں لکھا گیا ہے کہ سکول بند رکھیں ورنہ اس سے زیادہ نقصان پہنچایا جائیگا۔تحریر کے آخر میں تحریک طالبان پاکستان درج ہے۔
واقعہ کے بعد پولیس نے سکول کا دورہ کیا،جلنے کے بعد ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا اور شواہد اکٹھے کرلئے گئے۔
سکول گیٹ پر دھمکی آمیز تحریر درج ہونے کی وجہ سے سکول طالبات اور والدین میں شدید خوف وہراس پھیل گیا ہے ۔
پولیس کے مطابق تحقیقات کی جارہی ہے اور واقعہ کے متعلق جلد بیان جاری کیا جائے گا۔
سابق ضلعی ناظم و مالک مکان سکول سلیم الرحمن کے مطابق 50 لاکھ روپے سے زائد کا سامان جلایا گیا ہے ۔